وبا کے خوف سے جاری ہے کال جینے کا
ارادہ پھر بھی رکھو اب کے سال جینے کا
میں مانتا ہوں کہ ہر سو ہے موت کا منظر
کسی طرح سے تو رستہ نکال جینے کا
یہ سوچ کر ہی غلامی کو رد کیا میں نے
کسی کے ذہن میں آئے خیال جینے کا
عذابِ جاں سے نکالے کسی طرح ہم کو
ہوا ہے جس کو بھی حاصل کمال جینے کا
میں اپنی عمرِ رواں کے طلسم سے نکلا
تو جان پایا فریبِ جمال جینے کا
فشارِ ذات سے نا آشنا نہیں پھر بھی
میں کر رہا ہوں مسلسل سوال جینے کا
Musa Kazim
جنوری 31, 2021واہ واہ واہ۔۔۔ کیا کہنے۔۔ لُطف آ گیا۔۔ ایک ایک مصرعہ الگ الگ داستان ہے۔
یوسف خالد
جنوری 31, 2021عذابِ جاں سے نکالے کسی طرح ہم کو
ہوا ہے جس کو بھی حاصل کمال جینے کا
بہت خوب عمدہ غزل
عادل
جنوری 31, 2021غزل بہت متاثر کن ہے۔ خیال کی تاذگی اور بیان کی خوش سلیقگی نے لطف بڑھا دیا ہے