صبحِ کاذب اور صبح صادق کی سرحد پر
سمے کا ایک مختصر دھارا پہرے داری کرتا ہے
جہاں تاریکی اور اجالا بغل گیر ہوتے ہیں
اس مختصر سے پل میں کئی گہرے بھید ہیں
رات اپنے کچھ مکمل کچھ نا مکمل خوابوں کی پوٹلی
سرحد پر رکھ کرواپس جا چکی ہوتی ہے
میں نے اکثر
چمگادڑوں کو اس ملگجی ماحول میں پاگلوں کی طرح
ادھر ادھر چکر لگاتے دیکھا ہے
ان کی اڑان میں ایک عجیب طرح کا ہیجان ہوتا ہے
خدا معلوم کیا تلاش کرتی ہیں
ان کا رقص جب مکمل ہوتا ہے
تو جانے سے پہلے
یہ پاگل جتھہ خوشنما پرندوں اور ننھی چڑیوں کو
صبح کے دلفریب ماحول میں پھیلی رعنائیوں سے لطف اٹھانے کی اجازت دان کرتا ہے
بادِ صبا چہکار اور مہکار سے بھری صبح کے
اس پر کیف منظر سے
زندگی کے لیے نئے امکانات کی زنبیل تیار کرتی ہے
اور گلیوں بازاروں میں
بند دروازوں پہ دستک دیتی
مسکراہٹیں تقسیم کرتی گزر جاتی ہے
میری حیرت کا در کھلا رہتا ہے
میں ایک طویل دن کی پگڈنڈیوں پر بے تکان چلتے رہنے کے لیے کمر بستہ ہوتا ہوں
اور ایک نئی صبح کا انتظار کرتا ہوں
رفیق سندیلوی
جنوری 30, 2022بہت عمدہ نظم
سجل احمد
جنوری 30, 2022بہت خوبصورت انداز تحریر۔۔۔سچ میں جہاں دو وقت آپس میں ملتے ہیں ایک عجیب سحر ہوتا ہےان اوقات میں خواںوہ وقت شام ہو یا طلوع سحر ۔۔۔آپکی تحریر میں بھی ایساہی سحر لیے ہوۓ ہے۔۔۔سلامت رہیں
Sajal ahmad
جنوری 30, 2022بہت خوبصورت انداز تحریر۔۔۔سچ میں جہاں دو وقت آپس میں ملتے ہیں ایک عجیب سحر ہوتا ہےان اوقات میں خواںوہ وقت شام ہو یا طلوع سحر ۔۔۔آپکی تحریر میں بھی ایساہی سحر لیے ہوۓ ہے۔۔۔سلامت رہیں
گمنام
جنوری 30, 2022عمدہ