شاعرہ : نیلم ملک
میرے کمرے کی
بستر کے سامنے والی دیوار
جس پر کهڑکی ہے نہ کوئی دروازہ
اس خالی دیوار پر
مجهے اپنے اندر کا خلا مجسم دکهائی دیتا ہے
اس لیے میں نے اس خلا کو
کسی پینٹنگ، کیلنڈر یا کسی تصویر سے بهرنے کی کوشش نہیں کی….
اس دیوار کے عین وسط میں
چهت سے اندازﺍً ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پر
ایک دودهیا بلب لگا ہے
جسے اکثر رات بهر بجهنا نصیب نہیں ہوتا
اور بلب کے نیچے
چند انچ کے فاصلے پر
گهڑی لٹکانے کے لئے ایک کیل ٹهونکی گئی ہے
مگر اب، اس کیل پر گهڑی موجود نہیں
بلکہ وقت خود لٹکا ہوا ہے ….
نیلم ملک