تبصرہ : خورشیدربانی
بقول معروف شاعر اور محقق خالد مصطفیٰ،ڈاکٹر منیر احمد سلیچ کوپاکستان میں وفیات نگاری کے امام کا درجہ حاصل ہے۔ان کا تحقیقی کام مفصّل اور عمدہ ہے، کئی کتب منظر عام پر لاچکے ہیں۔تازہ کتاب”وفیات ِمشاہیرخیبرپختونخوا“کے نام سے شائع ہو ئی ہے جس میں مذکورشخصیات کے کوائف درج کرتے ہوئے،انھوں نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ ان کی سیرت و کردار اور خدمات کے حوالے کوئی اہم بات رہ نہ جائے۔مشاہیراہل قلم کی کتب کی تفصیل بھی کتاب میں موجود ہے۔ مشاہیرکے کارناموں کا تذکرہ اور ان کو ملکی وغیر ملکی سطح پر ملنے والے اعزازات کی تفصیل بھی اس کتاب میں اہتمام کے ساتھ درج ہے۔ تحقیق کے بنیادی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کتاب کے شروع میں اشاریہ مرتب کیا گیا ہے اور آخر میں کتابیات میں ان تمام کتب،اخبارات اوررسائل کا نام درج ہے جن سے دوران تحقیق مدد لی گئی۔کتاب کے آغازمیں فاضل محقق نے ایک مبسوط دیباچہ لکھا ہے جس میں وفیات نگاری پر ہونے والے اب تک کے کام کا تذکرہ کرنے کے ساتھ ساتھ انھوں مذکورہ کتاب کے مندرجات کا اجمالی جائزہ پیش کیا ہے۔کتاب کے حوالے سے حرف ِ چند کے تحت ڈاکٹر عبداللہ جان عابد کا تعریفی مضمون بھی درج ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹرمنیراحمد سلیچ صاحب نے محنت اور جانفشانی سے خیبر پختونخوا کے دار فانی سے کوچ کر جانے والے مشاہیر سے متعلق تمام ضروری معلومات اس کتاب میں جمع کر دی ہیں اور عمدہ کام پر وہ مبار ک باد اور تحسین کے حق دار ہیں تاہم اس قدر مشکل کام میں چھوٹی موٹی غلطیاں رہ جاتی ہیں۔ان اغلاط سے میں نے انھیں آگاہ کردیا ہے امید آئندہ ایڈیشن میں درستی کرلی جائے گی۔ مجموعی طور پریہ اپنی نوعیت کیایک اہم دستاویز ہے جو محققین کے لیے روشنِ چراغ کا فریضہ انجام دے گی۔