از: ناصرمحموداعوان
ہمارے ایک جاننے والے فیس بک سپیشلسٹ ہیں۔۔۔۔ سپیشلسٹ یعنی معالج یا ماہر۔۔۔ فیس بک سے متعلقہ الجھنیں چٹکیوں میں سلجھادیتے ہیں۔۔۔
میرے ایک دوست کو فیس بک پر ایک "عارضہ” لاحق ہوا۔۔۔ وہ عارضہ، جس کا قانون شناس بو علی سینا بھی نہیں۔ جب حالت خراب زیادہ خراب ہوئی اور جان پر بن آئی تو میں اسے "فیس بک سپیشلسٹ” کے پاس لے گیا۔
دوست نے سپیشلسٹ کو بتایا:”ایک مہ وش نے میرا چین سکون اڑا رکھا ہے۔۔۔ ایک چھب دکھاتی ہے اور پھر ترساتی رہتی ہے۔۔ نہ دن کو سکون ہے نہ رات کو چین ہے۔۔”
فیس بک سپیشلسٹ نے ایک نظر مہ جبیں کی آئی ڈی پر ڈالی اور کہا:”یہ کوئی مہ وش، مہ جبیں نہیں بلکہ مردانہ آئی ڈی ہے۔”
دوست نے گھبرائے ہوئے لہجے میں کہا:”لیکن سر، اس سے تو میری فون پر بات تک ہوچکی ہے۔۔۔۔ اس کی ٹیپ دار آواز ابھی تک میرے کانوں میں گونج رہی ہے ”
"جدید ٹیکنالوجی کے دور میں یہ کون سا مشکل کام ہے، وائس چینجرمردانہ آواز کو ایک دم زنانہ آواز میں بدل ڈالتا ہے۔۔۔ ”
"لیکن سر،وہ توگاہے اپنی تصویریں بدلتی رہتی ہے۔۔ جعلی آئی ڈی کے پاس ایک ہی خاتوں کی ایک سے زائد تصویریں تو نہیں ہوسکتیں نا!”دوست کے لہجے میں بے یقینی اور گھبراہٹ کے ملے جلے آثار تھے۔
"تصویری اصلی ہیں لیکن یہ تصویریں اس نے کسی جینوئن خانون کی آئی ڈی سے اڑائی ہیں۔۔”
"اچھا جی!” دوست نے مرجھائے لہجے میں کہا۔ لیکن پھر کچھ سوچا اورجھٹ سے کہا:”سر، آپ کے پاس کیا ثبوت ہے کہ یہ مردانہ آئی ڈی ہے؟”
” دیکھیں، جینوئن خاتون کی ایک پہچان نوٹ کرلو۔۔۔۔ جینوئن خانون کی لسٹ میں زیادہ خواتین ہوتی ہیں اور مرد خال خال ہوتے ہیں۔۔۔ کیونکہ خاتون اپنی سہیلیوں کے ساتھ ایزی فیل کرتی ہے۔۔۔ اب ذرا اپنی مہ جبین کی لسٹ دیکھ لواور پوسٹوں کا جائزہ لے لو۔۔ وہاں کوئی ایک زنانہ کمنٹ یا لائک نہیں ہوگا۔۔۔ اس سیمیں بدن کی لسٹ ٹھرکیوں سے بھری ہوئی ہے۔۔۔۔” سپیشلسٹ نے بات کا خلاصہ بیان کرکے موضوع سمیٹ دیا۔
دوست اپنی محبوب کی پوسٹیں دیکھنی شروع کردیں اور ٹھنڈی آہ بھر کر خاموش ہوگیا۔۔۔
دوست کا نگوڑا مسئلہ تو حل ہوگیا،
آپ اپنی آئی چیک کریں بھلا کتنی مہ وشان پری پیکر آپ کی لسٹ میں شامل ہیں۔۔
(ناصر محمود اعوان)