اخترشیرانی
پردیسی کی پریت ہے جُھوٹی
جُھوٹی پردیسی کی پریت!
ہارے ہوئے کی جیت ہے جھوٹی
دُنیا کی یہ ریت ہے جھوٹی!
پردیسی کی پریت ہے جُھوٹی
جُھوٹی پردیسی کی پریت!
پردیسی سے دل کا لگانا
بہتے پانی میں ہے نہانا
کوئی نہیں ندّی کا ٹھکانہ
رمتے جوگی کِس کے میت
پردیسی کی پریت ہے جُھوٹی
جُھوٹی پردیسی کی پریت!
اُڑتی چڑیا گاتی جائے
میٹھا گیت مٹھاس بہائے
یُوں پردیسی من کو لُبھائے!
اُڑ گئی چڑیا، اُڑ گیا گیت!
پردیسی کی پریت ہے جُھوٹی
جُھوٹی پردیسی کی پریت!