یہ بتا مجھ کو مدعا ہے کیا
میں نےتجھ سے صنم کہا ہے کیا
میرے ہوکے بھی آپ میرے نہیں
اس سے بڑھ کر کوئی سزا ہے کیا
میرے سینے میں گہری خاموشی
تیرا دل میرا ہو گیا ہے کیا
ساتھ رہنا ہے دور رہتے ہوئے
یہ محبت کا معجزہ ہے کیا
اٹھ رہی ہے غزل سے کیوں فریاد
دل پہ خنجر کوئی چلا ہے کیا
شاخِ آواز مست ہے دیکھو
پھول گلشن میں پھر کھلا ہے کیا
پھر سے مانگی ہے خواہشِ ہستی
یہ غزالہ کوئی دعا ہے کیا