کہا میں نے
کہ جو تم سوچتے ہو
اور جو محسوس کرتے ہو
اسے لفظوں کی صورت کیوں
لب اظہار تک آنے نہیں دیتے ؟
کہا اس نے
کبھی دیکھا ہے تم نے
پھول کیسے بات کرتے ہیں ؟
کبھی شبنم کی بوندوں سے
کبھی رنگوں سے،
خوشبو سے،
کبھی باد صبا سے بات کی ہے
کہا اس نے
کبھی چپ کی ردا کو اوڑھ کر دیکھو
تو تم بھی جان جاؤ گے
کہ گہری چپ کے عالم میں دلوں پر کیا گزرتی ہے؟
نگاہیں چار سو کیا ڈھونڈتی ہیں ؟
رتجگے کیا ہیں؟
کہا اس نے
یہ میری خامشی بھی تو
کئی مفہوم رکھتی ہے
کہا میں نے
کہ ہاں بالکل
مجھے اب کچھ نہیں کہنا
یہ سب الفاظ ،
سارے رنگ،
ساری خوشبوئیں لے لو
اور اپنی گہری چپ کا یہ اثاثہ
ان کے بدلے میں
مری جھولی میں ڈالو
میں کہ اک مدت سے اپنا خالی دامن لے کے پھرتا ہوں
مرے دامن کو بھر دو
گفتگو کو اک نئی صورت عطا کر دو