*ابو ظہبی(مسرت عباس) ظہیر الدین محمد بابر تمام اصناف نظم کے بہترین شاعر ، ماہر علم عروض، سوانح نگار، مذہبی دانشور، مترجم اور بہترین منتظم تھے، ضرورت اس امر کی ہےکہ نوجوان نسل ان کےسنہری کار ناموں کو یاد رکھے، بزرگوں کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے باہمی محبت و سلوک سے رہے اور علم و عمل سے ملک و قوم کی خدمت کرے۔ ان خیا لات کا اظہار ممتاز سماجی رہنما و دانشور محمد حسین ظفر نے اپنےصدارتی خطاب میں کیا۔ وہ گزشتہ روز ابو ظہبی میں کل پاکستان تنظیم مغلیہ کے زیر اہتمام مغلیہ سلطنت کے بانی ظہیر الدین محمد بابر کی پانچ سو پینتیسویں سالگرہ کے جشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا۔ محقل مشاعرہ کا انعقادکیا گیا اور پرتکلف دعوت کا بھی اہتمام کیا گیا، ممتاز شخصیات کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق مورخہ ١٤فروری کو مصفح ابوظہبی کے مقامی ریسٹورینٹ میں مغلیہ سلطنت کے بانی ظہیر الدین محمد بابر کے پانچ سو پینتیسویں یوم پیدائش کے موقع پر کل پاکستان تنظیمِ مغلیہ کے زیراہتمام ایک تاریخی پرتکلف دعوت اور شعری نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں امارات بھر سے تنظیم کے اراکین، مغل برادری کے نمائندہ رہنما، شعرا کرام اور ممتاز شخصیات نے بھر پور شرکت کی.اس موقع پر مقررین نے ظہیر الدین محمد بابر کی شخصیت اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں تمام اصناف نظم کا شاعر ، ماہر علم عروض، سوانح نگار، مذہبی دانشور مترجم اور بہترین منتظم قرار دیا۔ بعد ازاں ظہیر الدین محمد بابر کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیااور ان کے درجات کی بلندی کی دعا مانگی گئی.تقریب کے دوسرے حصہ میں شعری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ابوظہبی کے ممتاز شعرا جن میں ابرار عمر مغل، مسرت عباس ندرالوی، رضا احمد رضا اور ندیم احمد شہزاد شامل تھے نے اپنا کلام سنایا جسے حاضرین نے بہت سراہا جبکہ مغلیہ دور کے نمائیندہ شعرا کا کلام بھی پیش کیا گیا۔ صدارت محمد حسین ظفر نے کی مہمانِ اعزاز چوہدری محمد احسن اور مہمانِ خصوصی ندیم احمد شہزاد تھے۔ اس سے قبل تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قران پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عطا الرحمن نے حاصل کی جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کرنے کا شرف محمد حسین ظفر صاحب نے حاصل کیا – نظامت کے فرائض ابرار عمر نے انجام دئے ۔تقریب کے اختتام پر امارت میں مقیم کل پاکستان تنظیم تنظیم مغلیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجینئر خرم شہزاد مغل اور رضا احمد رضا نے تنظیم کے بانی اراکین اور تمام شرکا کا شکریہ اد کیا.*