ديگر

غلام جیلانی اصغر : ڈاکٹر وزیرآغا


ڈاکٹر وزیرآغا
ایک ایسا شخص جس نے عمر بھر اپنے دوستوں اور واقف کاروں پرطنز و مزاح کے میزائلوں کا بے دریغ استعمال کیا۔ آج خود اپنے دوستوں کی جوابی کارروائی کی زد میں ہے۔ چنانچہ ڈائمنڈ جوبلی کی اس تقریب کو بھی آپ کوئی تقریب نہ سمجھیں بلکہ ایک میزائل ہی تصور کریں جسے صوفی فقیر محمد اور اُن کے رفقاءنے پروفیسر غلام جیلانی اصغر کی طرف روانہ کیا ہے۔
ویسے ایک لحاظ سے ڈائمنڈ جوبلی کی یہ تقریب بروقت اور بر محل بھی ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ جب کوئی بلا باز نوے رنز بنا لیتا ہے تو اس کی سنچری میں صرف دس رنز باقی ہوتے ہیں تو تماشائیوں کے ہاں ایک عجیب سی بے قراری اور کلبلاہٹ جنم لیتی ہے اور وہ تالیوں کی مسلسل تال سے آنے والی سنچری کا سواگت شروع کر دیتے ہیں ۔اکثر اوقات آواز خلق نقارہ¿ خدا ثابت ہوتی ہے ۔ اور بلا باز تالیوں کی گونج میں اپنی سنچری مکمل کر لیتا ہے مگر کبھی کبھار وہ گھبرا کر ننانوے کے مقام پر ہی رخصت ہوجاتا ہے۔ جیلانی صاحب کے معاملے میں ڈائمنڈ جوبلی کے لیے تالیوں کا آغاز آج کی اس تقریب سے ہو رہا ہے ۔ابھی وہ ۵۶ برس کے ہیں‘ لہٰذاآئندہ دس برس تک ان کے لیے تالیاںبآسانی بجائی جا سکتی ہیں۔ مبادا کوئی غلط فہمی پیدا ہو جائے مجھے یہ کہنے کی اجازت دیجئے کہ اس ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں صوفی صاحب نے جیلانی صاحب کو کسی جال وال میں گرفتار نہیں کیا ۔ اصل بات یہ ہے کہ پنچھی نے خود اسیر دام ہونے میں کامیابی حاصل کی ہے اور وہ بھی ایک خاص وجہ سے۔ سرگودھا والے ابھی تک نرے دیہاتی ہیں‘ وہ جیلانی صاحب سے بالکل متعارف نہیں ہیں۔ انہیں تو یہ تک معلوم نہیں کہ جیلانی صاحب نے اپنے اور اہل سرگودھا کے درمیان متعدد رنگین پردے آوایزاں کر رکھے ہیں اور ڈائمنڈ جوبلی بھی ان پردوں میں سے ایک ہے۔ باقی ماندہ پردوں میں ان کی دلآویز اور موہنی شخصیت‘ ان کی منفرد ریش مبارک اوران کی بزلہ سنجی کونمایاں مقام حاصل ہے۔ لوگ باگ جب ان کی تقریر سُنتے ہیں تو ان کی چھوڑی ہوئی پھلچھڑیوں میں اس طور مگن ہو جاتے ہیں کہ انھیں اصلی اور خالص غلام جیلانی اصغر کو دیکھنے کا موقعہ ہی نہیں ملتا۔
جیلانی صاحب نے کبھی انھیں موقعہ دیا بھی نہیں مگر میں ان چند خوش بخت لوگوں میں سے ہوں جنھیں جیلانی صاحب کو ان کے اصلی روپ میں دیکھنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔مثلاً ایک بار میں انھیں ملنے کے لیے ان کی کوٹھی کے گیٹ پر پہنچا تو وہ مجھے کہیں نظر نہ آئے ‘کوٹھی کے لان میں ان کا بوڑھا مالی کپڑے اُتارے اور جانگیہ پہنے پھولوں کی کیاری میں نلائی کررہا تھا۔ میں نے اس عجیب الخلقت انسانی ڈھانچے سے کہا ”بابا ! جیلانی صاحب کو اطلاع دو کہ آ غاجی آئے ہیں“ بابا نے ”رنبا“پھینکا‘ اُٹھا، چند قدم چلا اورپھر لپک کر مجھ سے بغل گیر ہو گیا۔ تب کُھلا کہ یہ تو خود جیلانی صاحب ہیں۔کپڑے تو میرے خراب ہو گئے لیکن روح بالکل دھل گئی ۔جیلانی صاحب کا یہ روپ جسے Plain Living and High Thinkingکہنا چاہیے ‘ مجھ پر اس ملاقات میں منکشف ہوا۔
جیلانی صاحب ایک دنیا دار درویش ہیں۔مراد یہ کہ ان کی شخصیت درویشی اور دنیا داری کا سنگم ہے اور اسی بات نے انھیں خلق خدا سے ممتاز کر رکھا ہے ۔ویسے دنیا داری اور درویشی دو انتہائیں متصور ہوتی ہیں ۔دنیا دار مکروہات دنیا میں بُری طرح اسیر ہوتا ہے ۔اس کا سارا جذباتی مدوجزر قیمتوں کے اُتار چڑھاﺅ کے تابع ہوتاہے اور اس کی ساری زندگی ایک مستقل نوعیت کے احساس زیاں کی زد میں رہتی ہے ۔دوسری طرف درویش ترک دنیا اور اس کے بعد ترک خود میں مبتلا ہوتا ہے ۔ وہ اس بھری پری دُنیا میں اس کے لذائذ سے منہ موڑ کر گویا زندہ درگور ہوجاتاہے۔ جیلانی صاحب کو یہ دونوں انتہائیں مرغوب نہیں ہیں۔ وہ ان دونوں میں ایک خوشگوار توازن قائم کرنے کے حق میںہیں۔ چنانچہ وہ بیک وقت منقطع بھی ہیں اور منسلک بھی۔ لذائذ و اثمار کے قتیل بھی ہیں اور قاتل بھی ! تماشا بھی ہیں اور تماشائی بھی۔وہ سگریٹ رغبت سے پیتے ہیں ‘ بشرطیکہ وہ دوسروں کے ہوں اور کتابیں شوق سے پڑھتے ہیں بشرطیکہ ان پر خود انہیں کچھ خرچ نہ کرنا پڑے‘ لیکن مزے کی بات یہ ہے کہ سگریٹ نوشی کے دوران وہ سگریٹ نوشی کی باآواز بلند مذمت بھی کرتے ہیں اور کتاب کے بے کیف ہونے کا اعلان کرنے کے باوجود کتاب کو مشروب کی طرح پیتے ہیں۔ان کے نزدیک یہ حیات چند روزہ ایک متاع گراں بہا ہے ۔ساتھ ہی وہ اسے نوک پا سے ٹھکراتے بھی جاتے ہیں۔ یہ حیات چند روزہ ایک متاح گراں بہاہے ۔ساتھ ہی وہ اسے نوک پا سے ٹھکراتے بھی جاتے ہیں۔ کئی بار مجھے خیال آیا کہ جیلانی صاحب کے نزدیک زندگی ایک فٹ بال ہے جسے وہ Kickلگا کر خود دور پھینکتے ہیں مگر اسی لمحے اس کا تعاقب بھی کرنے لگتے ہیں ۔عام زندگی میں ان کا رویہ یہ ہے کہ وہ لوگوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان پر ہنسیں اور جب وہ اس کے مرتکب ہوتے ہیں تو یہ ان پر ہنستے لگتے ہیں۔عرفان کا یہ مقام بلند جیلانی صاحب کے علاوہ بہت کم لوگوں کو ارزانی ہوا ہے۔ وہ درمیان قعر دریا”تختہ بند“ ہونے کے باوجود سرکش لہروں سے لطف و سرور کشید کرنے پر قادر ہیں۔ اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ علامہ اقبالؒ نے اسی بات کو صنوبر کی تمثیل میں بیان کیا تھا کہ وہ بیک وقت پابہ گل بھی ہوتا ہے اور آزاد بھی ! جیلانی صاحب کے اس رویے نے ان کی تخلیقات بالخصوص ان کے انشائیوں پر گہرے اثرات مرتسم کیے ہیں۔ اپنے انشائیوں میں وہ ایک ہی وقت میں تماشا بھی ہیں اور تماشائی بھی ‘ دین بھی اور دنیا بھی۔ پیر فرتوت بھی اور جوان رعنا بھی ‘ فراق زدہ بھی اور وصل رسیدہ بھی۔ وہ جب دنیا کے معاملات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں تو ”مبتلا“ دکھائی دیتے ہیں مگر دوسرے ہی لمحے جب وہ دنیا سے اپنا دامن چھڑا کر اسے فاصلے سے دیکھتے ہیں تو ”آزاد“ نظر آتے ہیں۔ تخلص کے اعتبار سے وہ اصغر ہیں مگر ساری کی ساری کائنات اکبر ان کی ذات میں مستور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے انشائیوں کا معیار دنیا کے بہترین انشائیوں کے معیار سے کسی طور کم نہیں ہے۔
غلام جیلانی اصغر ایک ایسے ”دیدہ ور“ ہیں جو کہیں صدیوں کی تہذیبی بے نوری کے بعد پیدا ہوتا ہے ۔ایسے شخص کا گولڈن جوبلی اور ڈائمنڈ جوبلی تو کیا پلاٹینم جوبلی بھی کچھ بگاڑ نہیں سکتی۔ وجہ یہ ہے کہ وہ خود وقت کی ایک کروٹ ہیں اور وقت ازلی و ابدی ہے ۔

km

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

ادب ديگر

اعزاز

  • اگست 8, 2019
از : سنیہ منان ایوان صدر مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔یوم آزادی کی آمد آمد تھی ۔ حکومتی
ادب ديگر

حضرت شاہ نعمت اللہ ولی کرمانی کی پیش گوئیاں

  • اگست 9, 2019
 از:  ڈاکٹرمعین نظامی (بشکریہ جناب ناصرمحموداعوان)                 حضرت شاہ نعمت اللہ ولی کرمانی(