ایک انتہائی مختصر سا بنیادی خاکہ
———————————
ہمارا معاشرہ جس تہذیبی و تمدنی انحطاط کا شکار ہے اور جس طور تقسیم در تقسیم کے مراحل سے گزر کر اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے – اس بارے کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے -بے سمتی اور ہیجان کی زد میں آئے ہوئے افراد ایک عجیب ذہنی کرب میں مبتلا ہیں -ہر شخص غیر مطمئن اور ایک بے یقینی کی حالت میں گرفتار ہے —
سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہے ؟ یوں تو بہت سے اسباب ہیں لیکن بنیادی سبب تعلیمی سہولتوں کا فقدان اور نامناسب نظام تعلیم ہے – حکمران طبقوں کے لیے تعلیم کبھی بھی کوئی ترجیح نہیں رہی – تعلیم سے بے اعتنائی مستقبل کو مخدوش بنا رہی ہے —
یہ چند سطریں احباب کی توجہ کے لیے تحریر کی ہیں – انہیں تجاویز بھی کہا جا سکتا ہے -ایک سوچ کا انداز بھی – یہ محض تحریک پیدا کرنے کے لیے ہیں -آگے بڑھ کر اس حوالے سے اپنی سوچ کو کام میں لایئے – ہو سکتا ہے کسی سوچ کو پزیرائی مل جائے —ضرورت اس امر کی ہے کہ–
نصابِ تعلیم کو ہر قسم کے تعصب سے پاک کیا جائے اور ابتدائی تعلیم کے لیے قومی زبان پر مکمل دسترس کو ابتدائی 5 سالوں میں یقینی بنایا جائے –
بعد ازاں انگریزی کی طرف خصوصی توجہ دی جائے -تا کہ جدید علوم تک طلبا کی رسائی ممکن ہو سکے اور ساتھ ہی عربی پر کامل دسترس کے ذریعے بعض نام نہاد مذہبی گروہوں کی اجارہ داری ختم کی جائے اور طلبا کو از خود دینی تعلیمات سے رجوع کرنے اور پوری آزادی سے دین کو سمجھنے کی طرف راغب کیا جائے– اسی صورت میں ہم اپنی نئی نسل کو آزادی سے آگے بڑھنے کی راہ دکھا سکتے ہیں –
تعلیمی نظام میں سماجی تربیت کے لیے ماہرین نفسیات سے مدد لے کر ایسا نصاب مرتب کیا جائے جو معاشرے کی مجموعی صورت حال کے خد و خال واضح کر سکے- اور اس کے ذریعے ایسے افراد تیار کیے جا سکیں جو معاشرے میں اعلیٰ انسانی اقدار کا نمونہ قرار دیے جا سکیں- اور معاشرے میں باہمی یگانگت اور برداشت کو پروان چڑھانے کا باعث بنیں-
نصاب میں غیر ضروری معلومات اور مواد کو شامل کرنے کی بجائے سوچ اور فکر کو تحریک دینے والے علوم شامل کیے جائیں تا کہ تخلیقی ،اختراعی اور تجزیاتی مزاج جڑ پکڑے – منطقی اور استدلالی طرزِ اظہار کو اختیار کرنے کی تربیت دی جائے –اور جذباتیت سے گریز کا چلن سکھایا جائے – اسی صورت ایک متوازن ذہن پروان چڑھ سکتا ہے —
ہمارا معاشرہ جس فکری انتشار جن مغالطوں اور مبالغوں کی زد میں ہے اس کی وجہ موجودہ نظامِ تعلیم ہے -جو طلبا میں سوچنے سمجھنے اور اچھے برے میں تمیز کرنے کی صلاحیت پیدا نہیں کر سکا – ایک ایسا ذہن جس کا اپنا فکری نظام پوری طرح فعال نہ ہو بہت جلد متاثر ہوتا ہے- مفاد پرست افراد فرد کی اسی کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور اسے اپنے مکروہ مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں- ہمارے وہ تمام نوجوان جو جرائم پیشہ افراد اور نام نہاد مذہبی اور لسانی جماعتوں کے آلہ کار بنتے ہیں – اس کا سبب بھی یہی فکری اور ذہنی غیر فعالیت ہے —
موضوع بہت وسیع ہے بہت سے پہلو توجہ طلب ہیں طوالت کے ڈر سے اختصار سے کام لیا ہے اور مذکورہ بالا چند سطریں محض سوچ کو تحریک دینے کے لیے پیش کی گئی ہیں– ہمیں حکومتِ وقت کو احساس دلانا ہو گا کہ وہ نظامِ تعلیم کی اصلاح کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرے -اور پورے نظام کا سیاسی اور دیگر مصلحتوں سے الگ کر کے خالصتا” قومی ضرورتوں اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دینے کے لیے از سرِ نو جائزہ لے -اور ماہرین کی مدد سے قابلِ عمل پروگرام وضح کرے –